صادقہ نواب سحر کو ’ساہتیہ اکادمی ایوارڈ‘ دینے کا اعلان
ساہتیہ اکادمی نے ’ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2023‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مرتبہ اردو کے لیے صادقہ نواب سحر، انگریزی کے لیے نیلم سرن اور ہندی کے لیے سنجیو کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے. شرینواس نے بدھ کے روز اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اکادمی نے 9 شعری مجموعہ، 6 ناول، 5 افسانوی مجموعہ، 3 مضامین اور ایک تنقیدی کتاب کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔
سکریٹری شرینواس کے مطابق اس مرتبہ اردو میں ناول ’راجدیو کی امرائی‘ کے لیے صادقہ نواب سحر کو، ہندی میں ناول ’مجھے پہچانو‘ کے لیے سنجیو کو، انگریزی ناول ’ریکویم اِن راگا جانکی‘ کے لیے نیلم سرن گور، پنجابی میں شعری مجموعہ ’من دی چِپ‘ کے لیے سورنجیت سوی کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈوگری کے لیے وجئے ورما، گجرات کے لیے ونوش جوشی، کشمیری کے لیے منشور بانیہالی، منی پوری کے لیے سوروکھیبم گمبھنی، اڑیہ کے لیے آشوتوش پریڈا، راجستھانی کے لیے گجے سنگھ راج پروہت، سنسکرت کے لیے ارون رنجن مشر، سندھی کے لیے ونود آسودانی، بنگلہ کے لیے سوپنمے چکرورتی، مراٹھی کے لیے کرشنات کھوت، تمل کے لیے راج شیکھرن کو ایوارڈ دیا جائے گا۔