پروفیسر محمد ادریس کے اعزاز میں طبّی کانگریس کی الوداعیہ تقریب

نئی دہلی۔ 19 دسمبر 2023
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (دہلی) کی جانب سے دریاگنج، نئی دہلی میں اے اینڈ یو طبیہ کالج، قرول باغ کے سابق پرنسپل پروفیسر محمد ادریس کے سبکدوش ہونے پر ایک پُروقار الوداعیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ایس ایم عارف زیدی (سابق ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی) نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ادریس صاحب میرے مخلص دوست ہیں۔ انہوں نے بطور علم الادویہ، ایڈمنسٹریٹر اور شاندار اکیڈمیشین کے طور پر دوران سروس بہت ہی فعال کردار نبھایا۔ ان جیسے اور بھی لوگ دنیا میں آئیں اور اپنی چھاپ طالب علموں اور عوام کے درمیان قائم کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کے تئیں اور بے لوث خدمت کے لیے طبی کانگریس آج سرفہرست ہے۔ اس کی جانب سے لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرنا بڑی بات ہے۔ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے خاص طور سے پروفیسر محمد ادریس صاحب اور پروفیسر عارف زیدی صاحب کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان حضرات کا تعاون طبّی برادری کے لیے مخلصانہ ہے اور ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ تقریب کے اہم شرکاء میں ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ امروہوی، حکیم آفتاب عالم، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، محمد اقبال، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (دہلی) کے صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔