ٹی 20 فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کرہندوستان دوسری بار عالمی چیمپئن بنا
بارباڈوس: ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں ہندوستان سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دیکر دوسری بار عالمی چیمپئن بن گیا۔
کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم ایک بار پھر بڑے مقابلے میں چوک کرگئی اور ہندوستان کے 176 رنز کے جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔
اس سے قبل ہندوستان 2007 میں پاکستان کو شکست دیکر پہلی بار ٹی 20 چیمپئن بنا تھا۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں فائنل تک ناقابل شکست رہا اور یہ ٹی 20 کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹرافی جیتی ہے۔
ٹورنامنٹ میں شاندار بولنگ کرنے پر جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے آٹھ میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں 76 رنز کی اننگز پر ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینری کلاسن 52 رنز، کوئنٹن ڈی کوک 39 رنز اور ٹرسٹن اسٹبس 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ریزا ہینڈرکس اور ایڈن مارکرم نے 4، 4 رنز، مارکو جینسن 2 اور کاگیسو ربادا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کیشو مہاراج 2 اور اینرچ نورٹجے 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستان کی طرف سے ہارڈک پانڈیا نے 3، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 اور اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رن بنائے۔ وراٹ کو ہلی 76 اور اکسر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہندوستان کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رن کے مجموعی اسکور پر گریں، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
ہندوستان کو تیسرا نقصان 34 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔
ہندوستان کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکسر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ 163 رن کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 76 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجہ 2 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فائنل کیلئے ہندوستان اور جنوبی افریقا نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا اور دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون:
ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، رویندر جڈیجہ، عرشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ
جنوبی افریقا: کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مارکرم (کپتان)، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے، تبریز شمسی