پروفیسر (حکیم) عبدالباری فلاحی کے انتقال پر تعزیتی نشست

نئی دہلی(پریس ریلیز)آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے پروفیسر (حکیم) عبدالباری فلاحی کے انتقال پر دریاگنج، نئی دہلی میں ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر عبدالباری جامعہ ہمدرد میں صدر شعبہ کلیات کے عہدہ سے ریٹائرڈ تھے۔ وہ تقریباً 65 سال کی عمر میں 25 اکتوبر کو دہلی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ پس ماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں اور آل انڈیا یونانی طبّی کانفرنس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد خالد صدیقی نے مشترکہ طور پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ ماہر طب یونانی کے ساتھ ماہر لسانیات بھی تھے اور تقریباً 25 کتابوں کے مصنف بھی۔ اُن کے انتقال سے طبّی برادری کو بڑا خسارہ ہے۔ تعزیت کرنے والوں میں ڈاکٹر خورشید احمد شفقت اعظمی، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر شمس الدین آزاد، ڈاکٹر عبیدالرحمن، ڈاکٹر نازش احتشام اصلاحی، ڈاکٹر پرویز احمد خاں، ڈاکٹر الطاف احمد، ڈاکٹر فہیم ملک، حکیم عطاء الرحمن اجملی، حکیم آفتاب عالم، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔