سہیل انجم اپنے عہد کے ممتاز قلم کار، جن کی خدمات ناقابل فراموش
’اردو بک ریویو‘ کے دفتر میں ’نقش برسنگ‘ کے اجرا میں مقررین کا اظہار خیال
نئی دہلی، 23 اکتوبر 2021
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیراہتمام آج یہاں ’اردو بک ریویو‘ کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر صحافی سہیل انجم کی خاکوں کی کتاب ’نقش برسنگ‘ کا اجرا عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر مشتاق احمد (قومی صدر، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس) نے کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سہیل انجم کی یہ کتاب خاکہ نویسی کے سلسلے میں ایک گراں قدر اضافہ ہے اور یہ بڑی اچھی بات ہے کہ انہوں نے مرحومین کے علاوہ موجودین کی خدمات کو بھی سراہا ہے۔ مہمان خصوصی جناب محمد عاصم راجہ (ایڈیٹر، ماہنامہ فکر صحت اور سابق ممبر، اترپردیش اقلیتی کمیشن) نے کتاب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ زبان و ادب اور سماج کی خدمات انجام دینے والوں کی قربانیوں کو یاد کیا جانا چاہیے اور ان کی خدمات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں مذکورہ کتاب ’نقش برسنگ‘ قابل ستائش ہے کہ اس میں دونوں باتوں کا لحاظ رکھا گیا ہے اور مرحومین کے ساتھ ساتھ مقتدر باحیات افراد کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہیل انجم اپنے عہد کے ممتاز قلم کار ہیں اور ان کی ناقابل فراموش خدمات کا ہم اعتراف کرتے ہیں۔
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ سہیل انجم صاحب نے ’نقش برسنگ‘ میں جن چنندہ ہستیوں کو شامل کیا ہے اس میں مجھ جیسے شخص کو بھی شامل کیا اس کے لیے میں ان کا مشکور ہوں۔ کتاب میں بہت ہی معروضی ا نداز میں اظہار خیال کیا گیا ہے۔ اس میں نہ تو کسی شخص کی خدمات کے سلسلے میں مبالغہ آرائی ہے اور نہ ہی خدمات کے اعتراف میں بخل سے کام لیا گیا ہے۔ مقررین نے مصنف کے لیے صحت و تندرستی کے ساتھ درازی ¿ عمر کے لیے دعا کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ان کا قلمی سفر اسی طرح کامیابی کے ساتھ جاری رہے۔ اہم شرکاءمیں ڈاکٹر مفتی جاوید انور دہلوی، ندیم عارف، محمد سہیل رحمانی، مستقیم خان بلرامپوری، حکیم نوشاد صدیقی، حکیم مرتضیٰ دہلوی اور محمد عمران قنوجی وغیرہ شامل ہیں۔ آخر میں حکیم عطاءالرحمن اجملی نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، نئی دہلی