پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کاہندوستان میں پرتپاک خیرمقدم

احمدآباد: میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے بھارت پہنچنے پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جئے شاہ نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وہ بی سی سی آئی کی دعوت پر بھارت آئے ہیں اورآج احمد آباد میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔

قبل ازیں ذکا اشرف اور جئے شاہ نے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ جئے شاہ نے ذکا اشرف کے بھارت آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارت میں قیام کے دوران اشرف کی دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کا نظم کرانے میں اپنے تعاون کی پیش کش بھی کی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ذکا اشرف کا کہنا تھاکہ،”ہم دونوں نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ آنے والے میچ ان طریقوں کو تلاش کرنے کا ایک موقع ہے کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید اور بہتر طورپر کیسے فروغ دے سکتے ہیں۔”

گذشتہ ہفتے ذکا اشرف نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کے موقعے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت آمد پر اس کا جو زبردست استقبال ہوا ہے وہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں۔

حالانکہ بعد میں پی سی بی نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذکا اشرف کے بیان کا مطلب تھا کہ جب بھی بھارت اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں، دشمن کے طور پر نہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی سیاسی کشیدگی کے باوجود، بھارتی کرکٹ شائقین نے حیدرآباد ایئرپورٹ پر پاکستان ٹیم کی آمد پر کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے نام کے نعرے لگا کر کھیل سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کیا تھا۔

14اکتوبر کو احمد آباد میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کو ورلڈ کپ کرکٹ کے فائنل سے پہلے کا فائنل میچ قرار دیا جارہا ہے۔ دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں اس میچ پر لگی ہوئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ذکا اشرف 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

ذکا اشرف نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اس بڑے اسٹیج پر اپنی ٹیم کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرنا ضروری ہے۔ کھلاڑیوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بے پناہ محنت اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ہمیں فخر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ، سابق کرکٹر اور بھارت رتن سچن تیندولکر کے علاوہ فلم اداکار امیتابھ بچن اور رجنی کانت جیسی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔