جہاد

حامد علی اختر

یہ بات تو میں مانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے۔ دراصل میں آخری میٹنگ میں تھا نہیں، ورنہ یہ فیصلہ ہرگز نہ ہونے دیتا ملک آپ کا ہے صدیوں سے آپ ہی لوگوں نے حکومت کی ہے، اس سے کون انکا رکرسکتا ہے۔ یہ ملک اب بھی آپ ہی کے پاس ہونا چاہیے۔ اس لیے ہم نے سوچا ہے کہ ہم آپ کی پوری مدد کریں گے، آپ کے نوجوانوں کو مفت ٹریننگ دیں گے اور سستے داموں پر اسلحہ بھی ، اور ویسے بھی ناانصافی کے خلاف لڑنا تو جہاد ہے۔
آپ بے فکر رہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم نے آپ کو حکومت اس لیے دی ہے کہ یہ آپ کا حق ہے۔ آپ باغیوں کو منھ توڑ جواب دیجیے اسلحہ اور دیگر سازوسامان کی فکر مت کیجیے سستے داموں پر آپ کو ملتارہے گا۔ آپ کے ہاتھ سے حکومت چلی گئی تو ناانصافی ہوگی اور یہ بات تو آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ نا انصافی کے خلاف لڑناتو جہاد ہے۔
دونوں بھائی آپس میں جہاد کررہے ہیں اور ایک مغرور اپنے آرام دہ رہائش گاہ میں بیٹھا ٹی وی پر جہاد کے مناظر دیکھ رہا ہے۔