حماس کی حمایت کرنے کے الزام میں اداکارہ میسا عبدالہادی گرفتار
غزہ پر لگاتار جاری حملوں کے درمیان اسرائیل کی پولیس نے منگل کے روز مشہور فلسطینی اداکارہ اور سماجی کارکین میسا عبدالہادی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے میسا پر سوشل میڈیا پوسٹ کی ایک سیریز میں حماس کی حمایت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔
جانکاری سے پتہ چلا ہے کہ فلسطینی اداکارہ میسا عبدالہادی کو منگل کی صبح نازتھ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اسرائیلی افسران کے مطابق اداکارہ میسا نے کئی بیان دیے ہیں جنھیں اکتوبر کو یہودی ملک کے شہریوں کے خلاف حماس کے ذریعہ کیے گئے تشدد اور تباہی کی حمایت مانا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی پولیس افسران نے کہا کہ میسا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسرائیل اور غزہ کے درمیان ٹوٹی ہوئی سرحدی باڑ کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جس کا عنوان تھا ’چلو برلن کے انداز میں چلیں۔‘‘ پولیس نے کہا کہ یہ جنگ کو توڑنے اور تصویر کو گری ہوئی برلن کی دیوار کی طرح پیش کرنے کی ایک واضح اپیل تھی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں تقریباً 1400 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد حماس کو تباہ کرنے کے مشن کے نام پر اسرائیل نے فلسطین کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ غزہ پر لگاتار بمباری ہو رہی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان حملوں کی وجہ سے ہر دن غزہ شہر ملبہ میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔ اسرائیل کے حملے میں اب تک غزہ میں ہزاروں بچوں سمیت 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ غزہ کے لوگ کھانا، پانی، بجلی کے ساتھ دواؤں اور علاج کے لیے بھی ترس رہے ہیں۔