لوک سبھا الیکشن 2024 کے نتیجے عوام کے حق میں

راہل گاندھی کی محنت رنگ لائی۔ یوایم آئی

نئی دہلی:یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (یوایم آئی) نے لوک سبھا الیکشن 2024 کے نتائج کو عوام کے حق میں قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی کی سخت محنت کو اس کا کریڈٹ دیا۔ یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا الیکشن 2024 نفرت بنام محبت اور جھوٹ بنام سچ پر لڑا گیا، جس میں محبت اور سچائی کے ساتھ راہل گاندھی اور اُن کی پوری ٹیم میدان میں ڈٹی رہی۔ ہم دل کی گہرائیوں سے محبت کرنے والوں اور سچ کا ساتھ دینے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ بھارت کی تاریخ میں آزادی کے بعد راہل گاندھی نے جس طرح نفرت کا جواب محبت سے دیا ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔ اس کے لیے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ جاری بیان میں سبھی کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ وہ نفرت سے نہیں بلکہ محبت سے بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنائیں گے اور ہر ممکن ملک کے سبھی شہریوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔