بلرام پور میں ایس پی لیڈر فیروز پپوکا قتل، علاقے میں کشیدگی

بلرام پور: اتر پردیش کے ضلع بلرام پور میں کل دیر رات سماج وادی پارٹی (ایس پی) لیڈر فیروز پپو کے قتل کے بعد علاقے میں غصہ اور کشیدگی پھیل گئی ہے، موصولہ اطلاع کے مطابق بلرام پور میں تلسی پور پنچایت کے سابق چیئرمین فیروز پپو کا منگل کی دیر رات نامعلوم حملہ آوروں نے تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا۔ فیروز تلسی پور نگر پنچایت صدر کہکشاں کے شوہر ہیں۔

پولیس ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ فیروز جروا چوراہے سے گھر واپس آرہا تھا کہ راستے میں گھات لگا کر نامعلوم بدمعاشوں نے اس کی گردن اور ماتھے پر تیز دھار ہتھیار سے وار کرکے زخمی کر دیا۔ انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے فیروز کو مردہ قرار دے دیا۔ ان کے قتل کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی حامیوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ان کے حامیوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیمنت کٹیال نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ فی الحال علاقے میں بڑھتے ہوئے غصے اور کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پورے علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بنائی گئی ٹیمیں تفتیش میں مصروف ہیں۔