پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ، دہلی میں پٹرول 104.61 روپے
دہلی: عوام پر تیل قیمتوں کی مار جاری ہے۔ ملک میں تیل کی قیمتوں میں آج پھر اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اب دارالحکومت دہلی میں پٹرول 104.61 روپے اور 95.87 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ وہیں ممبئی میں تیل کی قیمتیں روز نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں 84 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اس اضافے کے ساتھ ہی ممبئی میں پٹرول 119.67 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں 85 پیسے کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ممبئی میں اب ڈیزل 103.92 روپے فی لیٹر پر فروخت ہونے لگا ہے۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ڈیزل کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔ 80 پیسے اضافے کے بعد اب ڈیزل 100.34 روپے فی لیٹر پر فروخت ہونے لگا ہے۔ وہیں پٹرول 117.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب ہے۔ اس کے باوجود ہندوستانی بازار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ عالم یہ ہے کہ دو ہفتوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13 بار اضافہ ہوا ہے۔
22 مارچ سے شروع ہونے والا تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ 15 دنوں میں سے صرف دو دن 24 مارچ اور یکم اپریل کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کی وجہ سے قیمتیں مستحکم رہیں تھیں۔ دو ہفتوں میں دھیرے دھیرے اضافے کے ساتھ اب تک دہلی میں پٹرول 9.20 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔