ہندوستان سمیت دنیابھر میں یوم عاشور، سیکورٹی کے سخت انتظامات

ہندوستان سمیت دنیابھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج 10 محرم الحرام بروز (منگل) کو عراق، پاکستان اور ہندوستان میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

کربلائے معلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین اور عزادار، روضہ ہائے مبارک کے اندر، بین الحرمین اور اطراف کی سڑکوں پر عزاداری میں مصروف ہیں ۔

اس رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح سے ہی بین الحرمین میں ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جو اس وقت بھی جاری ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ عاشورائے حسینی میں شرکت کے لئے ایران اور برصغیر ہند سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کربلائے معلی پہنچے ہیں، جبکہ عراق کے صوبے نجف کے گورنر ہاوس نے اعلان کیا ہے کہ محرم کے پہلے عشرے میں پچاس لاکھ سے زائد زائر نجف اشرف پہنچے ہیں۔

ادھر ہندوستان اور پاکستان میں بھی آج عاشورائے حسینی ہے اور اسی مناسبت سے دونوں ملکوں کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا منعقد ہو رہی اور ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں ماتمی جلوسوں اور عزاداروں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس میں پولیس، رینجرزاور ایف سی کی بھاری نفری کو جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات کیا گیا ہے، جب کہ مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کو اس موقعغ پر دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔