تکنیکی خرابی کے سبب انڈیگو فلائٹ حادثہ سے بال بال بچی

جہاز میں سوار سبھی انٹرنیشنل کرکٹر محفوظ

نئی دہلی:طیاروں میں تکنیکی خرابی سامنے آنے کا سلسلہ تھمتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ جمعہ کے روز طیارہ میں خرابی کا ایک تازہ معاملہ سامنے آیا جس میں کئی بین الاقوامی کرکٹرس کی جان جا سکتی تھی، لیکن خطرہ ٹل گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کانپور کے چکیری ایئرپورٹ پر 16 ستمبر کو بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب اندور جانے والے ایک انڈیگو طیارہ کے انجن میں تکنیکی خرابی آ گئی۔ اچھی بات یہ ہوئی کہ طیارہ میں یہ خرابی اندور کے لیے پرواز بھرنے سے پہلے ہی سامنے آ گئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس طیارہ سے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں حصہ لینے والے کھلاڑی بھی سفر کرنے جا رہے تھے۔ واقعہ کے بعد سبھی کھلاڑی طیارہ سے اتر کر لابی میں آ گئے۔ اس واقعہ کے بعد ایئرپورٹ پر مسافروں نے خوب ہنگامہ کیا۔ بعد ازاں دوسرے طیارہ سے کھلاڑیوں اور دیگر مسافروں کو اندور روانہ کیا گیا۔

جہاں تک روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز 2022 کا سوال ہے، اب تک اس ٹورنامنٹ کے 7 میچ ہو چکے ہیں۔ آئندہ پانچ مقابلے اندور میں ہونے والے ہیں جس کے لیے کھلاڑیوں کو وہاں کا سفر کرنا تھا۔ کچھ کھلاڑیوں کو گزشتہ روز ہی اندور بھیج دیا گیا تھا، باقی کھلاڑی آج سفر کرنے والے تھے۔ جمعرات کو چھ ممالک کے 100 سے زائد کھلاڑی اندور پہنچ گئے تھے۔ ان میں سچن تندولکر، یوراج سنگھ، برائن لارا، شین واٹسن، بریٹ لی جیسے سرکردہ کھلاڑی شامل تھے۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کچھ کھلاڑیوں نے آج سفر کیا۔