راجدھانی دہلی میں شدیدسردی کے ساتھ دھند کاامکان

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں جمعہ کو کم از کم درجہ حرارت دوہرے ہندسوں پر پہنچ گیا لیکن یہ مہلت جلد ہی ختم ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ ہمالیہ سے چلنے والی برفانی ہوائیں شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سیلسیس تک کمی لائیں گی۔ آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا ’’اگلے چار سے پانچ دنوں کے دوران خطے میں گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شمال مغربی ہندوستان میں یکم جنوری سے سردی کی لہر شروع ہونے کا امکان ہے۔‘‘

صفدرجنگ آبزرویٹری، دہلی کے پرائمری ویدر اسٹیشن میں کم از کم درجہ حرارت 10.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے چار ڈگری زیادہ ہے۔ یہ اس ماہ کا کم ترین درجہ حرارت بھی تھا۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے دو ڈگری سیلسیس کم تھا اور 22.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ شمالی ہندوستان میں لوگوں کو سردی سے راحت حاصل کرنے کے لیے ویسٹرن ڈسٹربنس کو ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے کمزور پڑنے سے ہفتے کے روز نئے سال کے موقع پر دہلی کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر اور شدید سردی پڑ سکتی ہے اور جنوری کے شروع میں سردی مزید تیز ہو جائے گی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیشین گوئی کے مطابق، پارہ ہفتہ کو چھ ڈگری سیلسیس اور پیر (2 جنوری) تک چار ڈگری سیلسیس تک گر جائے گا۔ 1 سے 4 جنوری تک دہلی کے کچھ حصوں میں گھنے دھند اور سردی کی لہر متوقع ہے۔