پرینکا گاندھی کے بچوں نے ڈالا ووٹ، بیٹے ریحان نے آئین کی حفاظت کو بڑا مسئلہ قرار دیا
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے تحت آج 58 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ راجدھانی دہلی کی تمام سات سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے اور لوگ ووٹ ڈالنے پہنچ رہے ہیں۔ دہلی کے لودھی اسٹیٹ کے اٹل آدرش اسکول میں ووٹ ڈالنے آئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کے بیٹے ریحان نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور آئین کی حفاظت اہم مسائل ہیں۔
اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد ریحان نے کہا، ’’میں پہلی بار عام انتخابات میں ووٹ ڈال رہا ہوں، پچھلی بار میں نے دہلی کے ریاستی انتخابات میں ووٹ دیا تھا۔ میں عوام سے اپیل کروں گا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے نکلیں اور جشن جمہوریت میں شرکت کریں۔ ترقی اور بے روزگاری کو ایشوز قرار دیتے ہوئے ریحان نے کہا، ’’ذاتی طور پر میرے لیے آئین ایک اہم ایشو ہے۔‘‘
ریحان واڈرا نے کہا، ‘میرے خیال میں یہ بہت اہم الیکشن ہے۔ میں تمام نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارے آئین کو بچانے اور مثبت تبدیلی لانے کے لیے ووٹ دیں۔
وہیں، رابرٹ واڈرا اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کی بیٹی میرایا واڈرا نے کہا، ’’میں کالج سے صرف ووٹ ڈالنے آئی ہوں، سب کو باہر آ کر ووٹ دینا چاہیے۔‘‘
دریں اثنا، سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی نے بھی اپنا ووٹ ڈال دیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد راہل گاندھی نے اپنے موبائل سے اپنی اور اپنی والدہ سونیا گاندھی کی سیلفی بھی کلک کی۔
خیال رہے کہ دہلی کی تمام 7 سیٹوں پر بی جے پی اور انڈیا بلاک کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی اتحاد کے تحت انتخابی جنگ میں ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے بی جے پی کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ جہاں عام آدمی پارٹی چار سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہے، وہیں کانگریس نے باقی تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔