بی جے پی اپوزیشن کے سبھی لیڈران کو گرفتار کرنا چاہتی ہے!

دہلی آبکاری پالیسی سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو ای ڈی کا سمن بھیجے جانے پر کئی اپوزیشن لیڈران نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں ایپل کے ذریعہ فون ہیکنگ کو لے کر بھیجے گئے الرٹ اور منریگا کی بقایہ رقم کا بھی ایشو اٹھایا۔ منریگا معاملے پر ممتا کا کہنا ہے کہ اگر 16 نومبر تک منریگا کی بقایہ رقم ادا نہیں کی گئی تو ہم اپنے اگلے قدم کا اعلان کریں گے۔

کجریوال کو ای ڈی کے ذریعہ بھیجے گئے نوٹس معاملے پر ممتا نے کہا کہ ’’اروند کجریوال کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ کئی لیڈران کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ بی جے پی کا منصوبہ 2024 کے انتخاب سے پہلے سبھی اپوزیشن لیڈران کو گرفتار کرنے کا ہے۔ وہ خالی ملک میں اپنے لیے ووٹ چاہتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’6-5 اراکین پارلیمنٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کا فون ہیک ہوا ہے۔ ایسے میں باہر کے لوگ ہمارے ملک کے بارے میں کیا سوچیں گے۔ ملک کو ہم کبھی چھوٹا نہیں کر سکتے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے اروند کجریوال کو پوچھ تاچھ کے لیے 2 نومبر کو طلب کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کا اس معاملے میں دعویٰ ہے کہ کجریوال کو ای ڈی گرفتار کر سکتی ہے۔ دہلی حکومت میں وزیر آتشی کا کہنا ہے کہ ’’ایسی خبر ہے کہ کجریوال کو 2 نومبر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ اگر انھیں گرفتار کیا جاتا ہے تو اس کے پیچھے بدعنوانی (الزام) وجہ نہیں ہوگی بلکہ بی جے پی کے خلاف آواز اٹھانا اصل وجہ ہوگی۔‘‘

کجریوال کی پیشی سے قبل ای ڈی نے عام آدمی پارٹی کے ایک اور وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو آج ای ڈی نے شراب پالیسی معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ ان سے صبح 11 بجے پوچھ گچھ کی جاتی ہے لیکن اس سے پہلے ای ڈی کی ٹیم نے صبح دہلی حکومت کے ایک اور وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی حکومت کے ایک اور وزیر راج کمار آنند کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی ٹیم سول لائنز میں وزیر کی سرکاری رہائش گاہ سمیت 9 مقامات کی تلاشی لے رہی ہے۔ معلومات کے مطابق ای ڈی کی ٹیم راج کمار آنند کے کاروبار سے متعلق معاملے میں چھاپے مار رہی ہے۔