غازی آبادمیں راہل گاندھی اوراکھلیش یادوکی مشترکہ پریس کانفرنس
غازی آباد: سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو غازی آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ دریں اثنا، یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد غازی آباد سے غازی پور تک بی جے پی کا صفایا کر دے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ مغرب (یوپی) سے لہر چل رہی ہے وہ پورے اتر پردیش اور ملک کے ماحول کو بدلنے جا رہی ہے۔ اس مرتبہ غازی آباد سے لے کر غازی پور تک انڈیا اتحاد بی جے پی کا صفایا کر دے گا۔ آج کسان پریشان ہیں کیونکہ بی جے پی کی ہر بات جھوٹی، ان کے وعدے جھوٹے ہیں۔ نہ کسان کی آمدنی دوگنی ہوئی اور نہ نوجوان کو روزگار ملا۔ جو ترقی کے خواب دکھائے تھے وہ بھی جھوٹے نکلے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ نے ان کا بینڈ بجا دیا۔ بی جے پی بدعنوانوں کا گودام بن چکی ہے۔ ڈبل انجن کی حکومت کا دعوی کرنے والوں کے ہورڈنگ دیکھیں تو اس پر ایک ہی چہرہ نظر آتا ہے۔ ان کے ہورڈنگ پر امیدوار نظر نہیں آتے اور الیکشن کے بعد جو ایک چہرہ نظر آ رہا ہے وہ بھی غائب ہونے جا رہا ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ لوٹ اور جھوٹ بی جے پی کی شناخت بن چکی ہے۔ پارٹی کا ایک ہی نعرہ ہے لوٹ اور جھوٹ۔ یوپی میں 10 پیپر لیک ہوئے، اس کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں پر اثر پڑا۔ انتخابات میں عوام کو محتاط رہنا ہوگا، تبھی بی جے پی کا صفایا ہوگا۔