تلنگانہ میںبی آر ایس کی رکن اسمبلی لسیا نندیتا کی سڑک حادثے میں موت
حیدرآباد: بی آر ایس ایم ایل اے جی لسیا نندیتا کی آج صبح ایک سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔ 23 فروری یعنی آج ان کی کار حیدرآباد کے نہرو آؤٹر رنگ روڈ پر حادثے کا شکار ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق نندیتا کی کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور کار کا ایک حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے کے بعد بی آر ایس ایم 37 سالہ ایل اے کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
لسیا نندیتا 2016 سے کاواڈی گوڈا سے کونسلر تھیں۔ ان کے والد جی سیانا سکندرآباد کنٹونمنٹ سے ایم ایل اے تھے۔ طویل علالت کے بعد گزشتہ سال فروری میں ان کا انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد لسیا پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئیں۔ لسیا کو نومبر 2023 کے انتخابات کے لیے ٹکٹ دیا گیا تھا اور انہوں نے کامیابی حاصل کی۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں ان کی گاڑی کا ایک حصہ مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس حادثہ میں لسیا کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ لسیا کے والد سیانا بھی پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے تھے۔ وہ سکندرآباد کینٹ سیٹ سے جیت کر پانچویں بار اسمبلی پہنچے تھے لیکن فروری 2023 میں بیماری کی وجہ سے ان کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد بی آر ایس نے اس سیٹ سے لسیا کو ٹکٹ دیا۔ لسیا نے بی جے پی امیدوار کو 17 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر یہ الیکشن جیتا تھا۔
یہ آخری بار نہیں ہے جب لسیا کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہو۔ 13 فروری کو نارکٹ پلی میں پیش آنے والے ایک حادثے میں بھی انہیں معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ اس دوران وہ سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے جلسہ عام میں شرکت کے لیے نلگنڈہ جا رہی تھیں۔ اس حادثے میں ان کے ہوم گارڈ کی موت ہو گئی تھی۔ آج ایک بار پھر لسیا سڑک حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں ان کی جان چلی گئی۔